وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے۔ وزارتِ مذہبی امور میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سینئر جوائنٹ سیکرٹری بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر مرزا علی محسود ، جوائنٹ سیکرٹری شعبہ دعوۃ و زیارات احمد ندیم خان، جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ صاحبزادہ، جوائنٹ سیکرٹری ترقی …

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے۔ وزارتِ مذہبی امور میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سینئر جوائنٹ سیکرٹری بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر مرزا علی محسود ، جوائنٹ سیکرٹری شعبہ دعوۃ و زیارات احمد ندیم خان، جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ صاحبزادہ، جوائنٹ سیکرٹری ترقی و تعاون محمد بخش سانگی،چیف فنانس اینڈ اکاونٹس افسر ذوالفقار خان سمیت سینئر اور جونیئر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے ڈاکٹر سید عطا الرحمن نے ساتھی افسران کو اپنے تجربات کی روشنی میں کئی قیمتی نصیحتیں کیں اور کہا کہ حج 2026 کے لیے عازمینِ حج اور خدام الحجاج کی بہترین آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔ مقدس سرزمین پر پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے جائیں اور اپنے بہترین طرز عمل سے ملک کا نام روشن کریں۔ وزارت مذہبی امور میں فرائض سر انجام دینا سعادت کی بات ہے۔ سول افسران اپنے اخلاق اور کردار کو بلند رکھیں اور عوام کی بہترین خدمت کریں ۔ اس سے قبل ساتھی افسران نے کئی کامیاب حج آپریشن ، انٹرنیشنل سیرت النبی کانفرنس، انٹرنیشنل مقابلہ قرات جیسے قابل قدر اقدمات پر سبکدوش ہونے والے سیکرٹری کو خراج تحسین پیش کیا اور قائدانہ کردار ، جونیئر افسران سے نرمی و شفقت کے برتاؤ اور سائلین سے بہترین حسن سلوک کا خصوصی ذکر کیا ۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر سید عطا الرحمن اردو ، پشتو اور انگلش کے علاوہ عربی اور فرنچ زبانوں میں بھی کلام کی قدرت رکھتے ہیں۔ سید عطا الرحمن ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں اور تین سال مسیحائی کے بعد سول سروس میں منتخب ہونے کے بعد بطور اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوئے ۔ اپنے کیریئر میں پنجاب، سابقہ فاٹا سمیت خیبرپختونخوااور گلگت بلتستان میں بیشتر سروس مکمل کی۔ اکتوبر 2022 میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور میں تعینات ہوئے بعد ازاں اسی وزارت میں سیکرٹری کے عہدے پر فائز ہوئے اور دو کامیاب ترین حج انتظامات مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ وزارت میں خدام الحجاج کے میرٹ پر انتخاب ، پہلے انٹرنیشنل مقابلہ قرآت کے انعقاد ، اسلامک ریلیف اور یونیسف کے تعاون سے ماں بچے کی صحت، تحفظ اطفال، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت کئی سماجی موضوعات پر فکر انگیز سیمینارز کے انعقاد کا سہرا ان کے سر جاتا ہے۔