نادرا اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے درمیان طلبہ کی رجسٹریشن اور تعلیمی اسناد کے نظام کو مربوط بنانے کا معاہدہ

نادرا اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے درمیان طلبہ کی رجسٹریشن اور تعلیمی اسناد کے نظام کو مربوط بنانے کا معاہدہ

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور وفاقی بورڈ برائے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم نے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت میٹرک اور انٹرمیدیٹ کے امتحانات کے لئے طلبہ کی رجسٹریشن کے نظام کو مربوط بنایا جائے گا۔معاہدے کے تحت ڈیٹا کے باہمی تبادلے کا ایک نظام وضع کیا گیا ہے جس کی بدولت نادرا اپنے ریکارڈ سے وفاقی تعلیمی بورڈ کو طلبہ کی اہم معلومات مثلاً نام، ولدیت اور تاریخ پیدائش وغیرہ فراہم کرے گا۔

اس سے طلبہ کی رجسٹریشن کے دوران غلطیوں اور معلومات کے تضاد کے امکانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ درست اور قابل اعتماد تعلیمی اسناد کے اجراء کے باعث متعلقہ انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی۔ معاہدے کے تحت ایک ڈیجیٹل والٹ بھی بنایا جائے گا جس کے ذریعے طلبہ اپنی تعلیمی اسناد تک محفوظ رسائی حاصل کر سکیں گے اور انہیں ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کر سکیں گے۔

یہ معاہدہ قومی شناخت اورقومی تعلیمی ریکارڈ کو مربوط بنانے سے متعلق نادرا کے پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے تحت نادرا بتدریج ملک بھر کے بورڈز برائے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم، جامعات اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ڈیٹا کی ڈیجیٹل ترسیل کو مربوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔معاہدے پر منگل کو یہاں نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر بھی موجود تھے۔

مزید خبریں