وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کو ہدایت کی ہے کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی کے ان ملازمین کو جنہیں وفاقی حکومت کے کوٹے کے تحت پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے محروم رکھا گیا تھا، ان کی درخواستوں کی تاریخ سے وفاقی ملازم تصور کرتے ہوئے قرعہ اندازی اور الاٹمنٹ کے عمل میں شامل کیا …
وفاقی محتسب نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ملازمین کو ایف جی ایچ اے کے پلاٹوں کا اہل قرار دے دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کو ہدایت کی ہے کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی کے ان ملازمین کو جنہیں وفاقی حکومت کے کوٹے کے تحت پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے محروم رکھا گیا تھا، ان کی درخواستوں کی تاریخ سے وفاقی ملازم تصور کرتے ہوئے قرعہ اندازی اور الاٹمنٹ کے عمل میں شامل کیا جائے۔
وفاقی محتسب کے فیصلے کے مطابق ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع اور دیگر ملازمین نے موقف اختیار کیا تھا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد جے پی ایم سی کو سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں دے دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ادارے کی وفاقی حیثیت بحال کر دی۔ اس کے باوجود ایف جی ای ایچ اے نے انہیں وفاقی ملازمین کے لیے مختص رہائشی سکیموں میں شامل نہیں کیا۔
شکایت کنندگان نے موقف اپنایا کہ جے پی ایم سی کے بعض ملازمین کو مختلف ادوار میں ایف جی ای ایچ اے کے پلاٹ اور فلیٹس الاٹ کیے گئے جبکہ دیگر ملازمین کو اس سہولت سے محروم رکھا گیا جو امتیازی سلوک اور مساوی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ایف جی ای ایچ اے نے اپنے جواب میں کہا کہ شکایت کنندگان نے اس وقت درخواستیں جمع کرائی تھیں جب جے پی ایم سی سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں تھا، اس لیے وہ وفاقی کوٹے کے تحت پلاٹوں کے اہل نہیں تھے۔
وفاقی محتسب نے فریقین کے دلائل اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ایف جی ای ایچ اے کا موقف مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جے پی ایم سی کے ملازمین وفاقی ملازمین ہیں، لہٰذا انہیں وفاقی سرکاری ملازمین کے حقوق کے مطابق ایف جی ای ایچ اے کی رہائشی سکیموں میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔فیصلے کے بعد جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے متعلقہ ملازمین ایف جی ای ایچ اے سے پلاٹ حاصل کرنے کے لیے اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔








