ڈی پی او سرگودھا کی ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں کھلی کچہری

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی

سرگودھا۔ 27 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم نے کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کے مسائل کو بغور سنا اور عوامی مسائل کی نشاندہی کی اور اُن کے بروقت حل کے لیے متعقلہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ڈی پی او نے تمام شہریوں کے مسائل فردا فردا دریافت کیے اور پیش کی گئی درخواستوں کی سماعت کی۔

اُنہوں نے موقع پر ہی متعلقہ پولیس افسران کو اُن کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے کہا کہ میرے دروازے عوام کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں آپ جب چاہیں مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں آپ کے مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن عمران عباس چدھڑ، ایس پی ہیڈکوارٹر چوہدری ضیاء اللہ، اے ایس پی سٹی سرکل وقار احمد ، تمام سرکلز کے سب ڈویژنل پولیس آفیسرز، تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران بھی موجود تھے۔