آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس، ’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم‘‘ کو موثر بنانے کے احکامات

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر پولیس افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم‘‘ کو موثر بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی …

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر پولیس افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم‘‘ کو موثر بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ، ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف افسران کو سونپے گئے ٹاسکس پر ہونے والی پیش رفت، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں، تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم‘‘ کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف جاری کریک ڈائون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید موثر بنایا جائے، اشتہاری اور عادی مجرمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کی جائیں، مقدمات کی تفتیش کو میرٹ، شواہد اور قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے جبکہ عدالتوں میں مقدمات کی موثر پیروی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم‘‘ کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش اور خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو مقررہ اہداف کے مطابق کارروائیوں کی موثر نگرانی، باہمی رابطے اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض کی انجام دہی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا مکمل تحفظ، جرائم کی موثر روک تھام اور پرامن ماحول کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

C