تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں،ایس پی راول

"ایس پی راول سعد ارشد نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زیرِ تفتیش مقدمات کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور مؤثر تفتیش، بروقت کارروائی اور میرٹ پر مقدمات کی یکسوئی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔”

راولپنڈی۔27جولائی (اے پی پی):ایس پی راول سعد ارشد نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور محرران سے زیر تفتیش مقدمات کی پیشرفت کا فرداً فرداً جائزہ لیا اور مؤثر تفتیش و بروقت کارروائی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں ایس پی راول نے ہدایت کی کہ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں سینئر افسران روزانہ کی بنیاد پر فالو اپ اور پیشرفت کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں جبکہ کار اور دیگر گاڑیوں کی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔انہوں نے کرایہ داری ایکٹ، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے، زیر تفتیش مقدمات کو حقائق کی روشنی میں یکسو کرنے، چالانوں کی پینڈنسی ختم کرنے اور اشتہاری مجرمان و ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔سعد ارشد نے کہا کہ ڈکیتی اور چوری کے مقدمات میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو شامل تفتیش کیا جائے اور ان پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں کیونکہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں