ایشیائی کھیل 2026ء میں شرکت کرنے والے تمام ایتھلیٹس، کوچز، آفیشلز اور دیگر ایکریڈیٹڈ افراد کے لیے خصوصی سوشل میڈیا گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ ان ہدایات کا بنیادی مقصد تمام شرکاء کو اپنے ذاتی تجربات شیئر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ایونٹ کی رازداری، سکیورٹی اور نشریاتی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کھیلوں کی کوریج اور سوشل میڈیا کے استعمال پر سخت …
ایشین گیمز 2026ء: تمام شرکاء کے لیے سخت سوشل میڈیا گائیڈ لائنز جاری، لائیو اسٹریمنگ اور مقابلے کی ویڈیوز پر مکمل پابندی

مزید خبریں
خرم شہزاد
ناگویا۔27جولائی (اے پی پی):ایشیائی کھیل 2026ء میں شرکت کرنے والے تمام ایتھلیٹس، کوچز، آفیشلز اور دیگر ایکریڈیٹڈ افراد کے لیے خصوصی سوشل میڈیا گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ ان ہدایات کا بنیادی مقصد تمام شرکاء کو اپنے ذاتی تجربات شیئر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ایونٹ کی رازداری، سکیورٹی اور نشریاتی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کھیلوں کی کوریج اور سوشل میڈیا کے استعمال پر سخت ضوابط لاگو کیے گئے ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز کے تحت کھیل کے کسی بھی وینیو سے براہِ راست (لائیو) نشریات یا ویڈیو اسٹریمنگ پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مقابلے کے دوران ایکشن کی ویڈیو، قومی ترانے، ٹاس، آن فیلڈ جشن یا میڈل کی تقسیم کی تقاریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجازت شدہ عمومی حصوں سے اپ لوڈ کی جانے والی کسی بھی ذاتی ویڈیو کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ دو منٹ تک محدود رکھا گیا ہے۔ پالیسی میں مخصوص اور حساس مقامات کی عکاسی پر بھی مکمل ممانعت کی گئی ہے۔ میڈیکل ایریا، ڈوپنگ کنٹرول اسٹیشنز، فٹنس سینٹرز اور دیگر ٹیموں کے رہائشی زونز کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنا سخت منع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے جعلی یا حقیقت کو مسخ کرنے والا مواد تیار کر کے پوسٹ کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ تجارتی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایتھلیٹس کو کسی بھی غیر متعلقہ برانڈ یا پروڈکٹ کی تشہیر سے روک دیا گیا ہے۔
گیمز کے دوران غیر اولمپک سپانسرز کو صرف ایک بار شکریہ کا پیغام بھیجنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ اس میں مقابلے کی تصاویر، سرکاری لوگو یا میڈل شامل نہ ہوں۔ مزید برآں، بلاگرز اور ٹک ٹاکرز کو میڈیا ایکریڈیٹیشن جاری نہیں کی جائے گی اور بغیر میڈیا کارڈ کے کوئی بھی فرد صحافی کے طور پر رپورٹنگ نہیں کر سکے گا۔ اولمپک کونسل آف ایشیا نے واضح کیا ہے کہ ان گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد یا تنظیم کی ایکریڈیٹیشن بغیر کسی اطلاع کے منسوخ کی جا سکتی ہے۔ کونسل کے پاس غیر قانونی مواد ہٹانے کا نوٹس جاری کرنے، نقصان کے ازالے کے لیے قانونی کارروائی کرنے اور دیگر سخت پابندیاں عائد کرنے کا مکمل اختیار محفوظ رہے گا۔








