ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا تحصیل کلر سیداں کا دورہ، ہسپتال، تحصیل آفس اور میونسپل کمیٹی کا معائنہ

"ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلر سیداں، تحصیل آفس اور میونسپل کمیٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے عوامی خدمات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔”

راولپنڈی۔ 27 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلرسیداں ، تحصیل آفس اور میونسپل کمیٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

دورے کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی طبی، شہری اور انتظامی سہولیات کا جائزہ لینا اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور ہسپتال کے عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کی آراء سننے کے بعد انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، خوش اخلاقی اور بروقت علاج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ صفائی اور نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس میں قائم فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے میونسپل کمیٹی کلر سیداں کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں صفائی، شہری خدمات اور جاری ترقیاتی و بلدیاتی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کہا کہ ماحول کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سرسبز پنجاب کے وژن کی تکمیل کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کے ساتھ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو معیاری طبی، شہری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔