پولیو کے خاتمے کے لیے بوسٹر ڈوز مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

"ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیرِ صدارت پولیو ایراڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس میں اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع ہونے والی پولیو بوسٹر ڈوز (f-IPV & bOPV) مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔”

حیدرآباد۔ 27 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت پولیو ایراڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع حیدرآباد میں اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع ہونے والی پولیو بوسٹر ڈوز (f-IPV & bOPV) مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے بوسٹر ڈوز مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے متعلقہ ادارے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کریں۔اجلاس میں ای او سی سندھ کی نمائندہ عابدہ عمر نے بتایا کہ 4 ماہ سے 10 سال تک عمر کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز جیٹ انجیکٹر کے ذریعے دی جائے گی، جو محفوظ، مؤثر اور بغیر درد کے طریقہ کار پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن سکولوں، طبی مراکز اور مختلف علاقوں میں قائم مراکز پر کی جائے گی، جبکہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو بوسٹر ڈوز بچوں کے جسم میں پولیو کے خلاف قوت مدافعت کو مزید مضبوط بناتی ہے اور بالخصوص زیادہ خطرے سے دوچار بچوں کے لیے اضافی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے عوام میں آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا تاکہ والدین بلاخوف اپنے بچوں کو ویکسین لگوائیں۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو جیٹ انجیکٹر کے ذریعے IPV ویکسین لگانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس سے بوسٹر ڈوز کے محفوظ ہونے کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سکیورٹی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔