"ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل کلر سیداں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، تحصیل آفس اور میونسپل کمیٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور عوامی خدمات کا جائزہ لیا۔”
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کلر سیداں کا دورہ، ہسپتال، تحصیل آفس اور میونسپل کمیٹی کا معائنہ، شجرکاری مہم کا افتتاح

مزید خبریں
راولپنڈی ۔27جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل کلر سیداں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، تحصیل آفس اور میونسپل کمیٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
دورے کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی طبی، شہری اور انتظامی سہولیات کا جائزہ لینا اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو مزید موثر بنانا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور ہسپتال عملے کے رویے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات، بروقت علاج اور خوش اخلاقی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ صفائی اور نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس میں قائم فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کلر سیداں کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں صفائی، شہری خدمات اور جاری ترقیاتی و بلدیاتی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سرسبز پنجاب کے وژن کی تکمیل کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو زیادہ سے زیادہ شجرکاری کے ساتھ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو معیاری طبی، شہری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔







