"وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلستانِ جوہر میں سڑکوں کی خراب صورتحال اور سیوریج کے مسائل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔”
وزیر اعلی سندھ کا گلستانِ جوہر میں سڑکوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال اورسیوریج مسائل کانوٹس،فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گلستانِ جوہر میں سڑکوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور سیوریج کے مسلسل مسائل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی مرتضی وہاب کو مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
پیر کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی نے علاقے کی خراب مرکزی شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے میئر کو ہدایت کی کہ وہ گلستانِ جوہر میں جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔انہوں نے میئر کراچی کو سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے مسائل اور سیوریج لائنوں کی صفائی سے متعلق فوری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے علاقے میں نکاسی آب اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔انہوں نے گلستانِ جوہر کے رہائشیوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گاجبکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور ناقص دیکھ بھال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اور شہری بنیادی ڈھانچے میں بہتری یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر اور مزید تیزی سے مکمل کیا جائے۔







