گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خواب صرف محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے حقیقت بنتے ہیں، اس لیے نوجوان جدید تعلیم، آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے خود کو آراستہ کریں تاکہ پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
خواب صرف محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے حقیقت بنتے ہیں، گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 27 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خواب صرف محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے حقیقت بنتے ہیں، اس لیے نوجوان جدید تعلیم، آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے خود کو آراستہ کریں تاکہ پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک سالہ لیڈرشپ اینڈ آئی ٹی کلاسز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ فورم کے قیام پر ابتدا ء میں مذاق اڑایا گیا، مگر رضوان جعفر نے ہمت نہیں ہاری، مسلسل محنت کی اور آج کامیابی حاصل کر لی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔گ
ورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کا ڈیجیٹل یوتھ پروگرام نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا ایک انقلابی منصوبہ ہے، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی )، ڈیجیٹل اسکلز، فری لانسنگ، اسٹارٹ اپس، انٹرپرینیورشپ، روزگار، اسکالرشپس، انٹرن شپ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور حکومت انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب دیکھتے رہے ہیں، جہاں سرمایہ کاری آئے، صنعتیں فروغ پائیں اور نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ کوئی بھی اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دس سال قبل جب جامعات میں طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے تھے تو نوجوانوں کی آنکھوں میں ترقی اور کامیابی کے خواب دیکھے تھے اور آج وہ خواب ڈیجیٹل پاکستان اور جدید آئی ٹی تعلیم کے فروغ کی صورت میں حقیقت بنتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل یوتھ پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور پاکستان کو ٹیکنالوجی، جدت اور تحقیق کے میدان میں دنیا کی صفِ اول کی اقوام میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔گورنر سندھ نے دانیال ناگوری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انتھک محنت سے ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کر رہے ہیں جو نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہائو س بھی نوجوانوں کی فنی تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے بے مثال قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے خوابوں کو ترقی یافتہ، مضبوط اور خودمختار پاکستان کی صورت میں حقیقت بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان وجود میں نہ آتا تو ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ادیب رضوی اور دیگر عظیم شخصیات اپنی صلاحیتوں سے وطن عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن نہ کر سکتیں۔







