وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 200 بیڈز پر مشتمل زیر تکمیل جدید ایمرجنسی سینٹر کا دورہ

"وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے پمز میں 200 بیڈز پر مشتمل زیرِ تکمیل جدید ایمرجنسی سینٹر کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔”

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں 200 بیڈز پر مشتمل زیر تکمیل جدید ایمرجنسی سینٹر کا دورہ کیا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت، دستیاب طبی سہولیات اور تعمیراتی و تکنیکی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید طرز پر تعمیر کیا جانے والا یہ سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی سینٹر جلد فعال ہونے کے لیے تیار ہے۔وفاقی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ عمارت کی صفائی، فنشنگ اور تمام تکنیکی امور کو اعلیٰ ترین معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کو جلد از جلد عوام کے لیے کھولا جا سکے۔ انہوں نے منصوبے کے پی سی-4 کی تکمیل کے عمل میں بھی مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پمز ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے، اس لیے نئے ایمرجنسی سینٹر کا جلد فعال ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور پمز میں قائم ہونے والا یہ جدید ایمرجنسی سینٹر اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔بریفنگ کے مطابق نئے ایمرجنسی سینٹر میں 30 بیڈز پر مشتمل سرجیکل آئی سی یو، 10 بیڈز پر مشتمل میڈیکل آئی سی یو، دو جدید آپریشن تھیٹرز اور دو مائنر آپریشن تھیٹرز قائم کیے گئے ہیں جو ایمرجنسی مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔بعد ازاں وفاقی وزیر صحت نے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کیے جانے والے پیڈیاٹرک ایمرجنسی سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کو معیاری، بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وفاقی وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت قومی صحت سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو جدید، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں