خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری، 14 ہزار لیٹر سے زائد غیر معیاری دودھ اور 3 ہزار کلو کیچپ ضبط و تلف

"خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر معیاری دودھ اور کیچپ تلف کر دیا اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔”

پشاور۔ 27 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر معیاری دودھ اور کیچپ تلف کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔

پیر کو ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری دودھ، ملاوٹی اشیائے خورونوش اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے مردان، صوابی، کوہاٹ اور پشاور میں بڑی کارروائیاں کیں۔ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز رات کے وقت رشکئی اور ولی خان انٹرچینج پر ناکہ بندی کے دوران موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے دودھ بردار ٹینکرز سے نمونے حاصل کرکے جانچ کی گئی۔ کارروائی کے دوران 10 ہزار لیٹر غیر معیاری اور مضرِ صحت دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ متعلقہ دودھ بردار ٹینکرز کو سرکاری تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ضلع کوہاٹ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نےبھی رات کے وقت انڈس ہائی وے پر ناکہ بندی کی اور دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ کوہاٹ ٹیم نے دودھ ڈسٹری بیوشن یونٹس کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ایک ڈسٹری بیوٹر سے 680 لیٹر مصنوعی اور غیر معیاری دودھ برآمد ہونے پر موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔اسی طرح ضلع صوابی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کرنل شیر خان انٹرچینج پر ناکہ بندی کے دوران پنجاب سے داخل ہونے والی دودھ بردار ٹینکرز سے نمونے حاصل کرکے جانچ کی گئی۔ ایک ٹینکر سے 3 ہزار 400 لیٹر اسکِمڈ دودھ برآمد ہونے پر تلف کر دیا گیا، متعلقہ افراد پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔دوسری جانب پشاور میں کیچپ تیار کرنے والی یونٹس پر چھاپوں کے دوران ایک یونٹ سے 3 ہزار کلو غیر معیاری کیچپ ضبط کر لیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری کیچپ تلف کرتے ہوئے یونٹ کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری، ملاوٹی اور مضرِ صحت خوراک کی تیاری یا فروخت میں ملوث کاروباروں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں