چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ کا سہووالہ مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے تحصیل سمبڑیال کے علاقے سہووالہ میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک (24/7) کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا

سیالکوٹ۔ 27 جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے تحصیل سمبڑیال کے علاقے سہووالہ میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک (24/7) کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے عملے کی حاضری، وائٹل کاؤنٹر، لیبر روم، ای پی آئی روم، میڈیسن فارمیسی، ٹیبلٹس، تھرمل پرنٹرز اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا پایا گیا، جبکہ وائٹل کاؤنٹر، لیبر روم اور دیگر شعبوں میں ضروری طبی آلات، ادویات اور سہولیات مقررہ معیار کے مطابق دستیاب تھیں۔ ای پی آئی روم میں آئی ایل آر درجہ حرارت کا ریکارڈ بھی باقاعدگی سے مرتب کیا جا رہا تھا، فارمیسی میں ضروری اور معمول کی ادویات وافر مقدار میں موجود تھیں اور بن کارڈز بھی درست طریقے سے برقرار رکھے گئے تھے۔

کلینک میں ٹیبلٹس اور تھرمل پرنٹرز فعال حالت میں موجود تھے جبکہ صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال بھی اطمینان بخش پائی گئی۔دورے کے موقع پر کلینک کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت تک بیرونی مریضوں (او پی ڈی) کی تعداد 1130، زچگی کے کیسز 4، قبل از پیدائش معائنے (اے این سی) 166 جبکہ خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات سے 31 افراد مستفید ہو چکے تھے۔ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے مجموعی انتظامات اور طبی خدمات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے عملے کو عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کا یہی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

 

مزید خبریں