ایبٹ آباد۔ 13 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی مداخلت اور فیصلے سے ہری پور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو ان کے والد کے موروثی جائیداد سے حق دلایا گیا۔ ہری پور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مسماۃ عجائب بی بی نے وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر ایبٹ آباد میں اپنے بھائیوں کے خلاف شکایت موروثی جائیداد سے حق ادا نہ کرنے کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔شکایت درج ہونے کے فوری بعد متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کئے گئے اور کیس کی مکمل چھان بین کےبعد متعلقہ افراد کو خاتون کو موروثی جائیداد میں سے حق دلوائے جانے کی خاطر ڈپٹی کمشنر ہر ی پور کی وساطت سے مسئلہ کو حل کرنے کے احکامات صادر کئے۔
فیصلہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہر ی پور نے دونوں فریقین کی انکوائری کرکے خاتون کو موروثی جائیداد میں سے حق ادا کروا دیا۔ اس موقع پرمسماۃ عجائب کے بیٹے نے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور وفاقی محتسب ریجنل آفس ایبٹ آباد کے انچارج عبدالغفور بیگ کا شکریہ ادا کیاجن کے وساطت سے ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے اور مسماۃ عجائب بی بی کو ان کے والد کے موروثی جائیداد سے حق مل گیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی محتسب ہزارہ ڈویژن کے انچارج عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے علاوہ عومی مسائل کے حل میں بھی کوشاں رہتا ہے جہاں شکایات پہ بلا تاخیر اور فوری اقدامات کئے جاتے ہیں اور فیصلہ ہو جانے کے بعد ان پہ عملدرآمد پہ کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جاتی۔ عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ایک عوامی عدالت ہے جہاں شکایات کو فوری اور بلا معاوضہ حل کروایا جاتا لہذا عوام الناس اپنے مسائل کے حل کے لئے وفاقی محتسب کے ادارے سے رابطہ کرکے مستفید ہوں۔