کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ کے حکم پر اٹک کے رہائشی ریٹائرڈ ملازم کیسکو کوپینشن کے 53 ہزار 292 روپے کی ادائیگی کر دی گئی ۔
وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں اٹک کے رہائشی درخواست گزار ریٹائرڈ ملازم امیر محمد خان نے درخواست دائر کی تھی کہ وہ کیسکو کے ریٹائرڈ ملازم ہیں اور ان کی پینشن کے کچھ بقایاجات ہیں جو انہیں نہیں مل رہے تھے۔
درخواست گزار نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں کئی بار متعلقہ دفتر سے رابطہ کیا مگر ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔بالآخر انہوں نے وفاقی محتسب کے ادارے میں درخواست دائر کی ۔ درخواست موصول ہوتے ہی ریجنل افس کوئٹہ کے عملے نے انکوائری کر تے ہوئے متعلقہ محکمے کے عملے کو طلب کر کے جواب مانگاجس پر متعلقہ محکمہ جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔
چنانچہ وفاقی محتسب نے احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر درخواست گزار کی پینشن کی رقم 53 ہزار 292 روپے ادا کئے جائیں۔ وفاقی محتسب کے احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کو 53 ہزار 292 روپے کی رقم ادا کردی۔ درخواست گزار نےاحسن اقدام پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا ہے۔