ایبٹ آباد۔ 06 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب کے فیصلہ کی روشنی میں ریٹائرڈ آرمی کے ملازم کو پنشن کا حق مل گیا۔وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی مداخلت اور فیصلے سے ایک ریٹائرڈ آرمی ملازم فرید خان کوپنشن کی مد میں286,994کا حق مل گیا۔ وفاقی محتسب کے ریجنل آفس ایبٹ آباد میں آرمی کے ایک ریٹائرڈ ملازم فرید خان نے محکمہ سی ایم اے لاہورکی جانب سے پنشن کی بلا وجہ تاخیر سے متعلق شکایت دائر کی جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے محکمہ سی ایم اے لاہور کو نوٹس جاری کیا گیا اور کیس کی مکمل تفتیش کے بعد وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے متعلقہ ادارے کے افسران کو ریٹائرڈ آرمی کے اہلکار کو فی الفور پنشن ادا کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے سی ایم اےلاہور نے ریٹائرڈ اہلکار کو 286,994 روپے پنشن کی ادائیگی کر دی ہے۔
فرید خان نے وفاقی محتسب کے ادارے کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو سستا اور فوری انصاف مہیا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جس سے عوام کو کافی سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی محتسب ہزارہ ڈویژن کے انچارج عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب میں موصول شدہ شکایات کو بغیر کسی اخراجات کے 60 دن کے مختصر عرصے میں حل کروا دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا عزم عوام کو فوری اور بلا معاوضہ انصاف ان کی دہلیز تک پہنچانے سے متعلق احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاتی۔
عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے کو عوامی سطح پر بہت پزیرائی مل رہی ہے اور عوام کا اس ادارے پر اعتماد بڑھتا جا رہا ہے جس کی واضح مثال کھلی کچہریوں میں عوام کا بے پناہ رش اس بات کا وضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے میں کوئی بھی شہری اپنی شکایت دفتری اوقات میں بہ ذات خود آکر یا بذریعہ ڈاک یا وفاقی محتسب کے آن لائن سسٹم کے ذریعہ بھی درج کروا سکتا ہے۔