اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) نے کورونا وبا کے باعث سکولوں کی بندش پر وفاقی دارالحکومت میں موجود تعلیمی اداروں کے لئے تفصیلی تعلیمی منصوبہ بندی جاری کر دی۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 26 نومبر 2020 سے 24 دسمبر 2020 تک تدریس کی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی جائیں گی جبکہ سردیوں کی چھٹیاں 25 دسمبر 2020 سے 10 جنوری 2021 تک رہیں گی۔ وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق گھریلو بنیاد پر تعلیم فراہمی کے ان مہینوں میں سکول بند رہنے کے دوران تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے آن لائن طریقہ کار استعمال کریں۔ جہاں آن لائن سہولیات کی فراہمی ممکن نہ ہو تو وہ تعلیمی ادارے ایک استقبالیہ ڈیسک قائم کریں جہاں طالب علم اپنا ہوم ورک اور اسائنمنٹ برائے پڑتال جمع کروا سکیں گے۔ وفاقی تعلیمی ادراوں کے سربراہان کو تعلیمی معاملات اور سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے دونوں میں سے کوئی ایک طریقہ کار یا ہائبرڈ طریقہ کار استعمال کرنے کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ یہ بات نہایت اہم ہے کہ تعلیمی اداروں کے تمام اساتذہ کو موجودہ تعلیمی سلسلہ 26 نومبر 2020 تا 24 دسمبر 2020 کے دوران کوئی چھٹی یا شہر/سٹیشن سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سربراہ ادارہ کو اختیار ہو گا کہ ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت کے مطابق تدریسی یا غیر تدریسی عملہ کو ڈیوٹی پر بلایا جائے۔ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے وابستہ تمام کالجز آن لائن تعلیم جاری رکھیں گے اور یونیورسٹی کی پالیسی کے مطابق امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ جن تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کو (روٹیشن) کے تحت دفاتر/اداروں میں نہیں بلایا گیا وہ گھر پر بھی دفتر کے کام کے ساتھ فون یا آن لائن منسلک رہنے کے پابند ہوں گے اور آن لائن/ٹیلی فون پر دستیاب رہیں گے۔ 26 نومبر 2020 تا 10 جنوری 2021 کے دوران یا اس وقت تک جب تک اداروں میں دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع نہ ہو جائیں، ہر ہفتہ والے دن تمام ادارے بند رہے ہیں گے جبکہ باقی دنوں میں آن لائن تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ 11 جنوری 2021 کے بعد مکمل تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔ اس دورانیے میں طے شدہ امتحانات اب 15 جنوری 2021 کے بعد لئے جائیں گے۔ ہدایات کا مسلسل جائزہ کورونا صورتحال اور این سی او سی کی جاری شدہ ہدایات و مشاورت کے ساتھ کیا جائے گا۔