اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے وفاقی نظامت تعلیمات کے سکولوں میں سمر کیمپس کا آغاز ہو گیا ہے جس میں راولپنڈی، اسلام آباد اور اس سے باہر کے بچے بھی ہزاروں کی تعداد میں بچے حصہ لے رہے ہیں۔
وزارت تعلیم کے حکام نے بتایا کہ سمر کیمپ میں مختلف سرگرمیوں اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کیمپس سے اتحاد، شمولیت اور برادری کے احساس کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ سمر کیمپس میں آرٹس کوڈنگ، روبوٹکس، ریڈنگ، پبلک سپیکنگ ، کیریئر کونسلنگ اور دستکاری سے لے کر کھیلوں تک کی سرگرمیوں میں بچوں کو مشغول کیا جا رہا ہے۔
سمر کیمپس کا مقصد ایک محفوظ ، حوصلہ افزاء ماحول فراہم کرنا ہے جہاں بچے پڑھنے لکھنے اور دیگر مشغال سے لطف اندوز ہو سکیں۔ کیمپ کے پہلے روز بچوں میں جوش و خروش قابل دید تھا ۔