وفاقی وزراء کا علامہ اقبال ایئرپورٹ کا دورہ ،مسافروں کو د ی جانیوالی سہولتوں کا جائزہ لیا

Federal Ministers visited Allama Iqbal Airport,
Federal Ministers visited Allama Iqbal Airport,

لاہور۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ وانسداد منشیات محسن نقوی اور وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خو اجہ محمد آصف نے جمعہ کے روز علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور کا 2 گھنٹے دورہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزراء نے مسافروں کو د ی جانیوالی سہولتوں کا جائزہ لیا اور اس پر عدم اطمینان کا اظہارکیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے امیگریشن مسائل کے فوری حل اور مسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مسافروں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے فوری امیگریشن کائونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کو انتظار کی زحمت سے نجات ملے،

محسن نقوی نے کہاکہ3 روز میں امیگریشن کائونٹرز میں اضافے کا حتمی پلان پیش اورمسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے آئوٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں۔وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خو اجہ محمد آصف نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تلاشی عمل کو آسان اور تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز حکام سے سرچ کو سہل بنانے کاقابل عمل پلان اگلے24 گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، لاہور ایئرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد سرچ عمل کو ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی شروع کیا جائے گا۔وفاقی وزراء نے امیگریشن کائونٹرز پر مسافروں کیلئے انتظامات کاجائزہ ، اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کے سرچ عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔

بعد ازاں وفاقی وزراء کی زیر صدارت ایئرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس میں وفاقی وزراء کو ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے این ایف کے سینئر افسر کرنل شوکت، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہورسرفراز ورک ،اے ایس ایف کسٹمز اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔