پٹرول پر مستحق افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے،وفاقی وزرامولانااسعد محموداورقمرزمان کائرہ کی وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس

190
وفاقی وزرا مولانا اسعد محمود اور قمر زمان کائرہ کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وفاقی وزرا مولانا اسعد محمود اور قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پٹرول پر مستحق افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے،مشکل وقت سے نکلنے کے لئے غیر مقبول اور مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے،اس وقت ہنگامی بنیادوں پر طویل المدتی معاشی طور پر کام کیا جارہاہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا پر 90 لاکھ افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے جبکہ اس میں مزید 60 لاکھ افراد کا اضافہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کرعوام کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ فیصلے کر رہی ہے ، اس وقت ہنگامی بنیادوں پر طویل المدتی معاشی طور پر کام کیا جارہاہے تاکہ ملک میں معاشی بحران پر قابو پایا جاسکے ، ملک میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر کی تنظیموں ، ٹریڈ یونینز ، معاشی اور تعلیمی اداروں کے علاوہ دیگر تنظیموں کو بھی آن بورڈ لے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے جو صورتحال تھی کہ مخصوص طبقہ سبسڈی لے رہا تھا اور عوام کو سہولت نہیں مل رہی تھی ، اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کی سہولت کے لئے سبسڈی کی طرف جائیں اور مجموعی طور پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ اگرحکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر فوری طور پر پٹرول ، ڈیزل اور دیگر قیمتیں کم کر کے الیکشن کی طرف چلے جاتے تو عوام کی نظروں میں بہتر حکمت عملی نظر آتی لیکن ہم نے پاکستان کی بہتری کی طرف گامزن ہوتے ہوئے طویل المدتی فیصلے کئے تاکہ آنے والے وقت میں پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے جو فیصلے کئے ہیں یہ ہنگامی منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے ہیں اس میں ردوبدل بھی کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کابینہ کے اندر تجاویز آئی اس میں عوام کے جذبات کا بھی خیال رکھا گیا اور تجاویز آنے کے بعد ملک و عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مشترکہ طور پر فیصلے کئے ، حکومت مستقل معاشی پلان دینے جارہی ہے ، اس حوالے سے اجلاس منعقد ہو گا جس میں اراکین مختلف تجاویز بھی دیں گے ،

اس وقت ملک میں بجلی کا بحران ہے ، طلب اور رسد کو پورا کرنا ہے ، گرمی کا بھی احساس ہے لیکن حکومت جو اقدامات کر رہی ہے وہ سب کے سامنے رکھ کر کر رہے ہیں جس میں جلد بہتری نظر آئی گی ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت پٹرول پرٹارگٹڈ سبسڈی کی جانب جا رہی ہے،یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک موٹر سائیکل والے کو سبسڈی دی جائے تو ایک لینڈ کروزر والا بھی وہی سبسڈی لے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں مشکل اور غیر مقبول فیصلوں سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے،توانائی کی قلت سے چھٹکارا کے لئے ملک بھر میں کوئلہ کے ذخائر سے کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے،تاکہ تیل پر انحصار کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تیل پر ابتدائی طور پر بے نظیر انکم سپورٹس کے اعداد وشمار کے مطابق 90 لاکھ افراد مستفید ہوں گے جبکہ اس میں مزید 60 لاکھ کا اضافہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی اس پر عمل کریں گے۔تاکہ اشرافیہ سے بھی اس مشکل وقت میں ملک وقوم کے مفاد میں حصہ لیا جاسکے۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق بھی موجود تھے۔