وفاقی وزیراسد عمر کی امریکی محکمہ خارجہ کی کوآرڈینیٹر برائے گلوبل کوویڈ رسپانس اور ہیلتھ سیکورٹی ، گیل ای سمتھ کے ساتھ سفارتخانہ پاکستان ، واشنگٹن ڈی سی میں ورچول میٹنگ

103

واشنگٹن۔23اکتوبر (اے پی پی):امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات اور خصوصی اقدامات ، اسد عمر کی امریکی محکمہ خارجہ کی کوآرڈینیٹر برائے گلوبل کوویڈ رسپانس اور ہیلتھ سیکورٹی ، گیل ای سمتھ کے ساتھ سفارتخانہ پاکستان ، واشنگٹن ڈی سی میں ورچول میٹنگ کی اور کوویڈ-19 کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا-

پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے گیل ای سمتھ کو ویکسینیشن مہم سمیت کوویڈ۔ 19 وبائی مرض کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں کوویڈ 19 کے رسپانس میں تعاون خاص کر کوویڈ ویکسین کی فراہمی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

گیل ای سمتھ نے کوویڈ۔ 19 کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان وبائی مرض کا مقابلہ کرنے میں اہم شراکت دار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کو اب تک تقریبا ً16 ملین ویکسینیشن خوراکیں فراہم کرچکی ہے جبکہ اس تعداد میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا-

وفاقی وزیر اور محترمہ گیل ای سمتھ نے وبائی مرض سے لڑنے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے عالمی کوویڈ ردعمل کے اجتماعی تجربات سے مزید سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی برادری کو مستقبل کے وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کیلیے جدید طریقوں کے استعمال اور مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔دونوں فریقین نے دو طرفہ خاص کر شعبہ صحت میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔