وفاقی وزیراسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس، پاور ڈویژن نے 2002 کے آئی پی پیز معاہدے کے جائزہ اور توثیق سے متعلق سمری پیش کی

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ پاور ڈویژن نے آئی پی پیز معاہدے کے جائزہ اور توثیق سے متعلق سمری پیش کی۔ کمیٹی نے تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد اس تجویز کی منظوری دی اور ہدائت کی کہ میسرز نشاط چونیاں کیس میں نیب کی ہدایات کے مطابق 2002 کے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر عمل درآمد کے حوالہ سے نظر ثانی کی جائے گی۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عمل درآمد کمیٹی تجویز کا جائزہ لے گی اور اس عمل میں لاء ڈویژن کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ پیش کی گئی تجویز کی روشنی عملدرآمد کمیٹی آئی پی پیز کے ساتھ 2002 کے معاہدوں پر نظرثانی کیلئے مذاکرات کرے گی۔ عمل درآمد کمیٹی کے ذریعہ دوبارہ مذاکرات کے نتائج غور کے لئے کابینہ کی توانائی کمیٹی کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیر توانائی ، ایس اے پی ایم پٹرولیم ،ریگولیٹری حکام کے نمائندوں اور صوبائی حکومتوں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔