
اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات، نشریات وقومی ورثہ چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ عیدمیلادالنبی کی مناسبت سے پاکستان ٹیلی و یژن اور ریڈیو پاکستان قرات اور نعت خوانی سمیت خصوصی پروگرامز ترتیب دیں گے، ان پروگراموں میں حضوراقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور پیغام کو اجاگر کیا جائے گا بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے پاکستان کے مختلف شہروں سے نکلنے والے جلوسوں کی بھی خصوصی کوریج کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں وزارت اطلاعات ونشریات میں رحمةاللعالمین کانفرنس کے انعقاد کے لیے قائم آرگنائزنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں عید میلاد النبی شایان شان انداز میں اورمکمل عقیدت و احترام سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور سنیٹر فیصل جاوید نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید میلاد النبی کی تیاریوں کو مربوط بنانے کے لئے تجاویز اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا ۔