وفاقی وزیرداخلہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفدکی ملاقات، پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک ہے،محسن نقوی

105

لاہور۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے اتوار کوغیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد نے یہاں ملاقات کی جس میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر داخلہ وفد کوہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے انویسٹرز کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سر مایہ کاری کیلئے ماحول محفوظ اورساز گار ہے جبکہ سرمایہ کار پاکستان میں بلا ہچکچاہٹ کسی بھی شعبہ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ،سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کرینگے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے ملک میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام تر اقدامات کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کرنے والے بعض شرپسندوں کے حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی بھی کی جا رہی ہے جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہمارا دین اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔وفد نے مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔