اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی فیڈرل ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کے واقعے کے بعد فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے افسروں اور جوانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور پہنچ گئے۔وزیرداخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد محسن نقوی نے حملے کی جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور …
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں سے اظہار یکجہتی، ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی فیڈرل ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کے واقعے کے بعد فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے افسروں اور جوانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور پہنچ گئے۔وزیرداخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد محسن نقوی نے حملے کی جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور فیڈرل کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کا حملہ بروقت کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق ایف سی کے بہادر جوانوں نے انتہائی جرأت مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے تین خودکش بمباروں کو صرف تین منٹ کے اندر جہنم واصل کر دیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کی شجاعت اور غیر معمولی جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جام شہادت نوش کرنے والے تینوں جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ شہداء نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کی یہ قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء نے جوانمردی کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے دشمن کے بزدلانہ حملے کو پسپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے جس دلیری سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ قابل تحسین ہے۔محسن نقوی نے یقین دلایا کہ شہداء کے خاندانوں کا اپنے خاندان کی طرح خیال رکھا جائے گا اور حکومت ہر طرح سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔








