وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ڈینگی سے نمٹنے کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم، انتظامیہ الرٹ

173
Mohsin Naqvi
Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈینگی سے نمٹنے کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔ ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نےچیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا اورڈینگی سے نمٹنے کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بارش کے پانی کی نشیبی علاقوں سے جلد نکاسی یقینی بنائی جائے،انسداد ڈینگی کے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے،انسداد ڈینگی اقدامات میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نےانسداد ڈینگی پلان کی تمام سرگرمیوں کو باقاعدگی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے،شہر کے تمام ہسپتالوں اور لیبارٹریز سے ڈینگی کیسز کےحوالے سے ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تمام لیبز اور پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ رکھا جائے۔

چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے باونڈری ایریاز میں انسداد ڈینگی ورکنگ گروپ قائم کیا جا رہا ہے،اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ انسداد ڈینگی کےلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرے گی۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں اب تک ڈینگی کے9کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔