اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اورکزئی کے علاقے میں پولیو ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں نے جرات سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
منگل کو اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے اپنی زندگیاں قربان کر دیں لیکن پولیو ٹیم پر آنچ نہیں آنے دی۔ پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور شہید ہونے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشتگردوں کا پولیو ٹیم پر حملہ پاکستان کے محفوظ مستقبل پر حملہ ہے۔ قوم بہادر پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔