اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمہوریہ ترکیہ کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمنائیں ہیں، پاکستان اور اس کے عوام جمہوریہ ترکیہ کے عوام کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں عملی طور پر پائیدار ترقی کی ہے، ترکیہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی دیگر ممالک کے لئے رول ماڈل ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ کی تیز رفتار ترقی کا کریڈٹ صدر رجب طیب اردوان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حالیہ دورہ ترکیہ کے دوران دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مفید بات چیت ہوئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مضبوط دوستی پر ناز ہے۔