وفاقی وزیرداخلہ کا جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ ،چیئرمین سی ڈی اے نے بریفنگ دی

82
Mohsin Naqvi
Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رات گئے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا،وزیرداخلہ نے افتتاحی تقریب کے انتظامات کا معائنہ کیا اور اس سلسلہ میں بہترین انتظامات کی ہدایت کی ۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے فنشنگ ورک کی تکمیل کے لئے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام جاری ہے ۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح سکوائر کی مناسبت سے نقاب کشائی کے لئے بنائے گئے قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے کے مقام کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے مری جانے والے شہریوں کو آمدورفت میں بہت سہولت ملے گی۔ وقت کے ساتھ شہریوں کو ایندھن کی بھی بچت ہو گی۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صرف 35 روز کی ریکارڈ مدت میں انڈر پاس پراجیکٹ مکمل کیاگیا ہے ۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کی تکمیل کے بارے بریفنگ دی۔