وفاقی وزیرداخلہ کا ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 22 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

66

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بارپھر بروقت آپریشن کرکے 22 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، 22 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرأت پر فخر ہے، خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کے قیام امن کیلئے اقدامات لائق ستائش ہیں۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کی حمایت سے خوارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے۔