وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

82

لاہور۔5 اکتوبر(اے پی پی )وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن سیاست اور دینی ایشوز کوٹکرانا چاہتے ہیں‘ ملک میں خلفشار‘ عدم استحکام اور سرحدوں پرچھیڑ چھاڑ کی صورت میں فضل الرحمن براہ راست ذمہ دار ہوں گے‘ انہیں چاہئے کہ وہ دین کے میناروں اور دینی طاقتوں کوتحریک میں ملوث نہ کریں‘ ان کی تحریک کا نقصان جدوجہد آزادی کشمیر کو ہوسکتا ہے‘ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے‘ وفاقی وزیرنے کہا کہ کشمیر ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے اورکشمیر پر اس وقت جو صورتحال بنتی جارہی ہے‘ وہ کشیدہ ہے‘ مولانا فضل الرحمن کے چاروں مطالبے وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں پیش کر چکے ہیں‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے پہلے اپوزیشن کو رسوا کرایا اوروہ ہی اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کو خراب کرنے والے ہیں‘ دنیا کی تاریخ کا وہ توہین آمیز واقعہ تھا جب بڑے سیاستدانوں کی ایک سوگز کے فاصلے پررائے مختلف ہوگئی‘ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن اب وہ خود استعمال ہونے جارہے ہیں‘ انہوںنے کہا کہ دینی قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مولانا سیاست اور دینی ایشوز کوٹکرانا چاہتے ہیں‘ مفتی محمود نے 1977ءمیں مذہب کے نام پر تحریک چلائی‘ اب فضل الرحمن مارکیٹ میں جو باتیں اور افواہیں پھیلا رہے ہیں‘ وہ ان کے گلے پڑ جائینگی اور اس وقت ان کے آگے کھائی اور پیچھے کنواں ہے‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اس وقت حالات نارمل نہیں‘ کشمیری ہر حال میں جدوجہد آزادی کو آگے لے کر جائیں گے