وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو سے سابق وزیر عمر گھمن کی ملاقات‎، امریکن بزنس کمیونٹی کی سرمایہ کاری کے بارے تبادلہ خیال

129

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو سے سابق وزیر مملکت اور ورجینیا بیسڈ الکالڈے اینڈ فے کے سینئر پارٹنر عمر گھمن نے ملاقات کی ہے۔ نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کو یہاں ہونے والی ملاقات کے دوران پرائیویٹائزیشن اور دیگر منصوبوں میں امریکن بزنس کمیونٹی کی سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شراکت سے نجکاری پروگرام میں مسابقت مزید بڑھ سکتی ہے۔ وزیر نجکاری نے کہا کہ نجکاری پروگرام میں شفافیت کا پہلو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران عمر گھمن نے پرائیواٹائزیشن پروگرام میں عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کیلئے اقدامات پر وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی ذاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہائیوں بعد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ سابق وزیر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی بزنس کمیونٹی وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور موجودہ حکومت پر بھر پور اعتماد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں ریلویز، کنسٹرکشن، ہوٹلنگ اور زراعت میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری پر تیار ہیں۔