وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی ترکیہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالو سے ملاقات ، دونوں ممالک کے درمیان ریلوے، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 کے موقع پرترکیہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالو سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعاون، علاقائی روابط اور ریلوے کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ہفتہ کو وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت …

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 کے موقع پرترکیہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالو سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعاون، علاقائی روابط اور ریلوے کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ہفتہ کو وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ریلوے کے شعبے میں جدیدیت، توسیع اور ڈیجیٹل اصلاحات پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے تاکہ قومی ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ، دینی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ہر امتحان پر پورے اترے ہیں اور اب یہ تعلقات معاشی و تکنیکی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ پاکستان ریلوے بنیادی ڈھانچے کی ڈیجیٹلائزیشن، فلیٹ اپ گریڈیشن اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری کے لیے جامع اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا، فریٹ ٹریفک بڑھانا اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ ملاقات میں دونوں وزراء نے ریلوے انجینئرنگ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور افرادی قوت کی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ تکنیکی اشتراک پاکستان ریلوے کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے پاس ریلوے کے جدید نظام، لاجسٹک کاریڈورز اور ٹرانسپورٹ پلاننگ کا وسیع تجربہ ہے جس سے پاکستان بھرپور استفادہ کرے گا۔

ملاقات کے دوران لاجسٹک کاریڈورز، بندرگاہی روابط اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا جو مختلف منصوبوں کی پیش رفت، فزیبلٹی اسٹڈیز اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ترکیہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالوٗ نے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو معاشی شراکت داری اور علاقائی ترقی کے نئے میدانوں تک وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکیہ کے وزیر اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا اشتراک علاقائی روابط، سرمایہ کاری اور جدید ریلوے نظام کے قیام میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔