گوجرانوالہ،ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحانی مراکز میں 20 ستمبر کو دفعہ 144 نافذ

گوجرانوالہ،ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحانی مراکز میں 20 ستمبر کو دفعہ 144 نافذ

گوجرانوالہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلع گوجرانوالہ میں نامزد امتحانی مراکز کے احاطہ میں 20 ستمبر 2026 کو ایک روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان 20 ستمبر بروز اتوار ضلع گوجرانوالہ میں یونیورسٹی آف دی پنجاب، گوجرانوالہ کیمپس اور قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول گوجرانوالہ میں منعقد ہوگا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی، خلل یا سکیورٹی میں غفلت امتحان کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو متاثر کر سکتی ہے، لہٰذا امیدواروں، امتحانی عملے اور متعلقہ حکام کی حفاظت، امن و امان کے قیام، ٹریفک اور پیدل آمدورفت کو منظم رکھنے کے لیے ضروری حفاظتی و انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں۔

دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ اور غیر مجاز افراد کے اجتماع کی روک تھام، کسی بھی ایسی سرگرمی کی ممانعت جو امتحانی عمل میں رکاوٹ یا خلل کا باعث بنے، اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ایم ڈی کیٹ کے شفاف، پرامن اور منظم انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

مزید خبریں