وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر غیر معیاری، ملاوٹی اور مضرِ صحت اشیائے خوردونوش میں ملوث کاروباروں کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور میں مختلف کارروائیوں کے دوران مردہ گائے کی سپلائی ناکام بنا دی جبکہ ملاوٹی چائے کی پتی تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف بھی کارروائی کی …
پشاور میں خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، مردہ گائے کی سپلائی ناکام، ملاوٹی چائے تیار کرنے والا یونٹ پکڑا گیا
پشاور۔ 16 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر غیر معیاری، ملاوٹی اور مضرِ صحت اشیائے خوردونوش میں ملوث کاروباروں کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور میں مختلف کارروائیوں کے دوران مردہ گائے کی سپلائی ناکام بنا دی جبکہ ملاوٹی چائے کی پتی تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حیات آباد میں پولیس کے ہمراہ ایک رکشے کو روکا، جس میں مردہ گائے حیات آباد سپر مارکیٹ میں واقع قصاب کی دکان کو سپلائی کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران رکشے سے مردہ گائے برآمد کرکے رکشہ اور مردہ جانور کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق مذکورہ قصاب کی دکان کو سیل کر دیا گیا ہے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ قصاب کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پشاور ڈویژن ذیشان محسود کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے دوسری کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں ملاوٹی چائے کی پتی تیار کرنے والے یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران یونٹ میں غیر معیاری اور ملاوٹی چائے کی پتی تیار کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ موقع سے تقریباً 900 کلوگرام ملاوٹی چائے کی پتی، خام مال اور مشینری قبضے میں لے لی گئی جبکہ موقع پر موجود ملزمان کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملاوٹی و غیر معیاری خوراک کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے صوبے سے ان کا صفایا کیا جائے گا۔انہوں نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔









