نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کے ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار کو اجاگر کیا گیا۔
نمل میں یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کی ذمہ داریوں پر سیمینار کا انعقاد
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کے ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار کو اجاگر کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع ’’قومی اتحاد کے تقاضے اور نوجوان نسل کی ذمہ داریاں‘‘ تھا۔معروف اردو شاعر، ادیب، نقاد اور ماہر تعلیم پروفیسر جلیل عالی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے ڈین ڈاکٹر ارشد محمود نشاد نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی، ہلال امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی سیمینار میں موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد محمود نشاد نے کہا کہ پاکستان ایک طویل جدوجہد اور ہمارے اسلاف کی بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ قوم کو مختلف مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قومی اتحاد، استقامت، اپنے اسلاف کی اقدار اور روایات کی پیروی اور اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے ہم ان تمام چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ہمیں اپنی قومی شناخت کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے، اپنے قومی ہیروز کو یاد رکھنا چاہئے اور اپنے تاریخی و ثقافتی ورثے کا تحفظ کرنا چاہئے۔ پروفیسر جلیل عالی نے اپنے خطاب میں پاکستان کے تاریخی سفر اور ان قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جن کے نتیجے میں یہ وطن وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے متحرک اور اہم طبقہ ہوتے ہیں اور ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ان کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی قومی شناخت سے جڑے رہیں، اتحاد، ذمہ داری اور حب الوطنی کی اقدار کو فروغ دیں اور علم، کردار اور مثبت و تعمیری عمل کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی، ہلال امتیاز (ملٹری) نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بعض مسائل اور شکایات ضرور ہو سکتی ہیں تاہم وطن کے لئے قربانی دینے کا جذبہ کبھی کمزور نہیں ہوگا۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک کی ترقی و پیشرفت میں اپنا کردار ادا کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کبھی مایوسی کو اپنے قریب نہ آنے دیں۔سیمینار کے دوران پاکستان فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو اجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس کے ذریعے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بہادری، استقامت، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔سیمینار کے اختتام پر معزز مہمان مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کئے گئے جس کے بعد گروپ فوٹو کا اہتمام کیا گیا۔









