محکمہ ایکسائزوٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کی کارروائیاں،9ملزمان سے 9کلوگرام سے زائد منشیات برآمد
محکمہ ایکسائزوٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کی کارروائیاں،9ملزمان سے 9کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 16 ستمبر (اے پی پی):محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران 9ملزمان سے 9کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی ہے۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد نے خفیہ اطلاع پر حویلیاں روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کے شافٹ میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 1420 گرام چرس برآمد کر لی۔کارروائی کے دوران نقاش احمد اور خاور علی ساکنان مانسہرہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔تھانہ ایکسائز مردان نے خفیہ اطلاع پر چارسدہ روڈ پر گاڑی نمبر B-1615 کی تلاشی کے دوران 2400 گرام چرس برآمد کی۔
کارروائی میں فواد خان ساکن سرڈھیری چارسدہ اور سحر گل ساکن پشاور کو گرفتار کیا گیا۔ایکسائز پولیس ایبٹ آباد نے بیدڑہ انٹرچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار ملزم زبیر ساکن مانسہرہ سے 1050 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔تھانہ ایکسائز ڈی آئی خان نے ایکسائز چیک پوسٹ ڈیرہ دریا خان روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے مسافر بس میں سوار ملزم شان سے 2000 گرام چرس برآمد کر کے گرفتار کر لیا۔تھانہ ایکسائز پشاور نے جوائنٹ چیک پوسٹ ایم ون پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر DEF-543 سے 2400 گرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دوسری کارروائی میں موٹروے سروس روڈ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مقامی منشیات فروش سے 100 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ایکسائز انٹیلیجنس بیورو بی-1 موبائل سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر چارسدہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلر کو گرفتار کیا، جو آئس بھرے کیپسول نگل کر بحرین اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ملزم رفیع اللہ ساکن باڑہ ضلع خیبر کو گرفتار کر کے ڈی ایچ کیوہسپتال چارسدہ منتقل کیا گیا، جہاں طبی عمل کے بعد اس کے پیٹ سے آئس بھرے 66کیپسول جن کا مجموعی وزن 462 گرام تھا، برآمد ہوئے۔ ملزم کے قبضے سے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات بھی برآمد کی گئی۔تھانہ ایکسائز چارسدہ نے موٹروے انٹرچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کامران خان سے چپلوں میں چھپائی گئی 634 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔







