غزہ میں جنگ سے متاثرہ عمارت گرنے سے 8 فلسطینی جاں بحق ،15 زخمی
غزہ میں جنگ سے متاثرہ عمارت گرنے سے 8 فلسطینی جاں بحق ،15 زخمی

مزید خبریں
غزہ سٹی۔16ستمبر (اے پی پی):غزہ شہر میں جنگ سے متاثرہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 8 فلسطینی جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔شنہوا کے مطابق مقامی طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ عمارت منہدم ہونے کا واقعہ بدھ کی علی الصبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً رات 2 بج کر 15 منٹ پر غزہ سٹی کے جنوب مغربی علاقے میں الصناعہ سٹریٹ میں پیش آیا۔ عمارت میں رہنے والے زیادہ تر افراد جنگ کے دوران بے گھر ہو چکے تھے۔ فلسطینی سول ڈیفنس نے بیان میں کہا کہ اس کی امدادی ٹیمیں ملبے تلے پھنسے افراد کی تلاش کر رہی ہیں۔
سول ڈیفنس کے مطابق 60 سے زائد افراد کے لاپتا یا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے الشفا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ سول ڈیفنس نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے اور اس کے نیچے پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے درکار بھاری مشینری کی کمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مقامی عینی شاہدین نے بتایا کہ عمارت جنگ کے دوران متاثر ہوئی تھی، تاہم بے گھر خاندان اب بھی اسے رہائش کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ عمارت کے قریب کئی دیگر بے گھر خاندان خیموں میں مقیم تھے۔







