اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے کورین تعاون ایجنسی (کوئیکا) کے صدر چانگ وون سام کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کوریائی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور ترقیاتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے پاکستان اور کوریا کے درمیان دیرینہ …
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کی کوئیکا کے صدر کی قیادت میں کوریائی وفد سے ملاقات، سائنسی و تکنیکی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے کورین تعاون ایجنسی (کوئیکا) کے صدر چانگ وون سام کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کوریائی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور ترقیاتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے پاکستان اور کوریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سائنسی ترقی، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوریا کی مہارت اور تعاون سے پاکستان اپنے ترقیاتی اہداف کے حصول میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔کوئیکا کے صدر چانگ وون سام نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی، پائیدار اور باہمی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد اور سرمایہ کاری کا مقصد پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کوریا کو ایک مثالی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوریا نے اپنی تاریخ میں درپیش مشکلات کے باوجود شاندار ترقی کی مثال قائم کی ہے۔کوئیکا صدر اس وقت پاکستان کوریا ٹیسٹنگ لیبارٹری برائے پی وی ماڈیولز اور متعلقہ آلات کے افتتاح کے سلسلے میں پاکستان میں موجود ہیں۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور کوریا باہمی تعاون کے ذریعے پاکستانی عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، پائیدار معاشی و سماجی ترقی اور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لئے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور کوئیکا کے درمیان سولر فوٹو وولٹائیک فیلڈ ٹیسٹنگ اور سولر انورٹر ٹیسٹنگ کے شعبوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق مشترکہ منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ کوریائی وفد نے پاکستان میں جاری دوطرفہ منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔








