وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات بالخصوص قانونی و عدالتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات بالخصوص قانونی و عدالتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تاریخی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون کو باقاعدہ شکل دینے کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر غور کیا جائے گا۔اس موقع پر قانونی ماہرین، ججز اور دیگر پیشہ ور افراد کے تبادلے کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ تجربات اور مہارتوں سے باہمی استفادہ ممکن بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں ثالثی، مصالحت اور سرحد پار تنازعات کے حل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔گفتگو میں قانونی اصلاحات، تربیتی پروگرامز اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لئے اہم قرار دیا گیا۔وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر پاکستان اور تاجکستان کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط خطے میں استحکام اور ترقی کے لئے نہایت اہم ہیں۔








