وفاقی وزیرِ صحت سے جنیوا میں انڈونیشیا کے وزیرِ صحت کی ملاقات
وفاقی وزیرِ صحت سے جنیوا میں انڈونیشیا کے وزیرِ صحت کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال سے جنیوا میں انڈونیشیا کے وزیرِ صحت نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ اور مضبوط تعلقات موجود ہیں، جنہیں صحت کے شعبے میں مزید وسعت دی جائے گی۔
وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ویکسین سازی کی قومی صلاحیت بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے انڈونیشیا پاکستان کا ایک اہم اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، اور پاکستان انڈونیشیا کی جدید ٹیکنالوجی اور تجربات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین سازی کی پیش رفت اور جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انڈونیشیا کے وزیرِ صحت نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک ویکسین سازی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعدادِ کار میں اضافے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
دونوں وزرائے صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے عوام کو جدید، معیاری اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔








