اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کا منگل کو دورہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے وزیر صحت کو ادارے کے انتظامی، تدریسی اور تحقیقی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر تنویر خالق نے بتایا کہ یونیورسٹی بین الاقوامی معیار کی طبی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے …
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کا منگل کو دورہ کیا۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے وزیر صحت کو ادارے کے انتظامی، تدریسی اور تحقیقی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر تنویر خالق نے بتایا کہ یونیورسٹی بین الاقوامی معیار کی طبی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور تدریس و تحقیق کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یونیورسٹی کو ایسے ڈاکٹرز تیار کرنے چاہئیں جو نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ڈاکٹرز کو مسیحا سمجھتے ہیں اور اگر ڈاکٹر نرمی، خلوص اور شائستگی سے مریض سے پیش آئے تو مریض آدھا صحت یاب ہو جاتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ڈاکٹرز مریضوں کو طبی سہولیات کے ساتھ عزتِ نفس بھی فراہم کریں۔
وزیر صحت نے میڈیکل ایتھکس پر تحقیق اور عملی تربیت کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مزید برآں انہوں نے یونیورسٹی کو "لائف سٹائل میڈیسن” جیسے جدید شعبوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔









