اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈسکوز کے بورڈز کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے شرکت کی۔پیر کو ہونے والے اجلاس میں جولائی اوراگست کے مہینوں میں لائن لاسز اور بلوں کی وصولی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے غیر تسلی بخش کارکردگی کی حامل کمپنیوں کی مینجمنٹ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ غیر تسلی بخش کمپنیوں کے افسران کے خلاف سخت انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں موجود چیئرمین اور سی ای اوز نے اپنی اپنی کمپنیز کی صورتحال، اقدامات اور مسائل بارے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیراویس احمد خان لغاری کا کہنا تھا کہ لائن لاسز میں کمی اور ریکوریز میں بہتری کے لیے ہرکمپنی کو مزید فعال حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ کمپنیز کے مالی حالات کو بہتر کیا جا سکے۔
مزید برآں انہوں نے تمام حکام کو ہدایت کی کہ ہر ماہ کی 10 تاریخ کو جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے تا کہ وفاقی وزیر بذات خود ڈسکوز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لے سکیں۔اویس لغاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت آنے والے مہینوں میں ریکوریز میں اضافہ اور لائن لاسز میں واضح کمی نظر آئے گی۔