اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے اور انتخابات کے موقع پر مسلم لیگ(ن)آزادکشمیر کی جانب سے پیش کیے گئے منشور پرمن وعن عمل درآمدکیا جائے گا ۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں میں آزاد جموں وکشمیر کونسل کی نئی تعمیر شدہ سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بطور چیرمین آزادکشمیر کونسل تین بجٹ خود مظفر آبادجا کر پاس کیے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں موٹرویز ،ریلوے لائن، شونٹرپاس، لیپا ٹنل ،یونیورسٹیوں اور کالجزز کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وہ آزادکشمیر سے باہر آزادکشمیر کے عوام کے پیسے کو خرچ کرنے کے مخالف ہیں اور چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر کے عوام کا ایک ایک پیسہ آزادکشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے اور وہاں سڑکوں کی تعمیر اور انفراسڑکچر کو بہتربنا کر وہاں خوشحالی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا جائے۔