وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانت دار اور مخلصانہ قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، ملک کی ترقی کے معاملے پر سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، اپوزیشن جماعتیں سیاسی فوائد کے حصول کیلئے قومی اداروں پر وار کرنے سے باز رہیں، حکومت بدعنوان عناصر …

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانت دار اور مخلصانہ قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، ملک کی ترقی کے معاملے پر سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، اپوزیشن جماعتیں سیاسی فوائد کے حصول کیلئے قومی اداروں پر وار کرنے سے باز رہیں، حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ، وزیراعظم عمران خان کسی صورت انہیں این آر او نہیں دیں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگی قائد نواز شریف اپنی صحت پر سیاست کر رہے ہیں، انہوں نے قوم اور عدلیہ کو دھوکہ دیا اور آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) میں قوم نے تماشا دیکھا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اقتدار میں ہوتی ہیں تو سب ادارے ٹھیک ہیں اور جب یہ اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اداروں پر وار شروع کر دیتے ہیں، نواز شریف اس وقت باتیں کر رہے ہیں جب وہ مفرور اور مجرم ہیں، ان کے پاس قومی اداروں کے خلاف تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی صحافی نے لکھا کہ نواز شریف نے بھارتیوں سے خفیہ ملاقاتیں کیں، نواز شریف کی تقریر سے بھارتی میڈیا بہت خوش ہوا ہے کیوںکہ اس کا بھی پاکستان کے خلاف یہی موقف ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اپوزیشن کا اے پی سی کرنے کا سارا ڈرامہ مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے کیا گیا ہے، حکومت مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں ، اس مقصد میں تمام ادارے ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءکے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے 80 اعتراضات کی درخواستیں آئیں جبکہ 2013ءانتخابات کے حوالے سے 400 سے زائد درخواستیں آئی تھیں، آصف علی زرداری نے بھی 2013ءانتخابات کو آر اوز کا الیکشن کہا تھا، پیپلزپارٹی 2008ءانتخابات پر خاموش کیوں تھی، اپوزیشن جماعتیں منافقانہ رویہ ترک کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قومی اداروں کا احترام کرتی ہے، فوج صرف پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ پورے ملک کی ہے سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔