وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کی سٹیرنگ کمیٹی برائے معاشرتی و سیاسی اصلاحات کا اجلاس

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے زور دیا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ایک جامع، تعمیری اور متفقہ قومی بیانیہ تشکیل دیا جائے جبکہ شورش زدہ اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں شدت پسندی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ …

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے زور دیا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ایک جامع، تعمیری اور متفقہ قومی بیانیہ تشکیل دیا جائے جبکہ شورش زدہ اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں شدت پسندی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وزیراعظم کی ہدایات پر قائم ایپکس کمیٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی برائے معاشرتی و سیاسی اصلاحات کا پانچواں اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی۔اجلاس میں صوبائی حکومتوں، نیکٹا، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت قانون، پیمرا، ایچ ای سی اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو فکری انتشار سے نکالنے اور رواداری کے فروغ کے لیے اقبال کے افکار مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ دور انفارمیشن وارفیئر کا ہے اور ہمیں نوجوانوں کو اس جنگ کا نشانہ بننے سے روکنا ہوگا۔انہوں نے تجویز دی کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ایک تعمیری قومی بیانیہ تشکیل دیا جائے اور شورش زدہ علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے ملک کے 20 غریب ترین اضلاع میں روزگار اور معاشی مواقع کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ 2013 تا 2018 کے دوران بلوچستان اور سابق فاٹا کے 5000 ہونہار طلبہ کو سکالرشپس فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں، لہٰذا ان کی ترقیاتی فیصلہ سازی میں شمولیت کے لیے فوری حکمت عملی مرتب کی جائے۔ ایچ ای سی کو ہدایت دی گئی کہ بلوچستان کے سکالرشپ یافتہ طلبہ کو ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

وفاقی وزیر نے پنجاب و اسلام آباد کی جامعات کے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے موثر کردار ادا کریں اور جامعات میں نسلی و لسانی بنیاد پر ہاسٹل الاٹمنٹ کا عمل بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر صوبائی حکومتیں نوجوانوں میں قومی جذبہ اور حب الوطنی ابھارنے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیں۔

وفاقی وزیر نے نشاندہی کی کہ ڈرامہ سازی صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرتی کردار سازی کا موثر ذریعہ بھی ہے، اس کے اصلاحی پہلوئوں کو فروغ دیا جائے۔ احسن اقبال نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ ملک میں پائیدار امن و استحکام کو ممکن بنایا جا سکے۔

 

مزید خبریں