
اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت منگل کے روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 9.41 ارب روپے کی لاگت کے 3 منصوبے منظور کر لئے گئے جبکہ 1064 ارب روپے کے 7 منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیئے گئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری، سینئر جوائنٹ اکانومسٹ، منصوبہ بندی کمیشن کے اراکین، مختلف وزارتوں اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔
اجلاس میں وزارت زراعت و خوراک ، تعلیم ، نقل و حمل و مواصلات، اور آبی وسائل سے متعلق منصوبے زیر بحث آئے۔ اجلاس میں وزارت زراعت و خوراک کی جانب سے 377236.275 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ "وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے زرعی ٹیوب ویلز کی سماجی بہبود” کا تفصیلاً جائزہ لینے کے بعد حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
وزارت تعلیم کی جانب سے 2637.769 ملین روپے کی لاگت کا "فیڈرل گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس مینجمنٹ سائنسز اینڈاسپیشلائزڈ ڈسپلن، ایف-11/1 اسلام آباد ” کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے اجلاس نے منظور کر لیا۔ اسی طرح ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 1,360.266 ملین روپے کی لاگت کا "ویمن سب کیمپس، یونیورسٹی آف سوات، چارباغ ، خیبر پختونخواہ” کا منصوبہ بھی سی ڈبلیو پی فورم نے منظور کر لیا۔
وزارت ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی جانب سے سی ڈبلیو پی فورم میں پانچ منصوبے پیش کئے جس میں پہلا منصوبہ 17785.825 ملین روپے کی لاگت کا "لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کنسٹرکشن آف روڈ فرام رائیونڈ روڈ تا ملتان” کا منصوبہ ، دوسرا منصوبہ 188965.060 ملین روپے کی لاگت کا ” پنجاب آرٹیریل روڈز امپروومنٹ پروگرام”، تیسرا منصوبہ 308194 ملین روپے کی لاگت کا "حیدرآباد – سکھر 306 کلومیٹر، 6 لین ڈیوائڈڈ فینسڈ موٹروے بلٹ آپریٹ ٹرانسفر” کا منصوبہ ، چوتھا منصوبہ 79130.878 ملین روپے کی لاگت کا "خوازاخیل – بیشام ایکسپریس وے لمبائی 48 کلومیٹر” کا منصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی نے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
اسی طرح ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات کا پانچواں منصوبہ 5414.450 ملین روپے کی لاگت کا یارک ٹینک روڈ کی تعمیر کا پیش کیا گیا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اجلاس نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منصوبے کی منظور دے دی۔
وزارت آبی وسائل نے فورم میں دو منصوبے پیش کیے۔ پہلا منصوبہ 27553.186 ملین روپے کی لاگت کا "گروک اسٹوریج ڈیم ضلع خاران” جبکہ دوسرا منصوبہ 61793.367 ملین روپے کی لاگت کا "پٹ فیڈر کینال سسٹم کی ترمیم” کا پیش کیا ، سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس نے دونوں منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد منصوبوں کی حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیئے گئے۔