وفاقی وزیر اسد عمر نے شاہ اﷲ دتہ روڈ دریک موہری سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا

70

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ سات کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی تین کلو میٹر شاہ اﷲ دتہ روڈ دریک موہری سڑک تین ماہ میں مکمل کرلی جائے گی، یہ سڑک نہ صرف شاہ اﷲ دتہ کے گرد و نواح کے دیہات کو آپس میں ملائے گی بلکہ یہاں کے رہائشیوں کے کاروباری نظام میں آمدورفت کے لئے بھی مددگار ہوگی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو شاہ اﷲ دتہ روڈ دریک موہری میر اسمبل جعفری یوسی 39 اور چشتیاں آباد روڈ یو سی 46 بڈھانہ کلاں کی سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ دونوں سڑکوں کی تعمیر پر کل آٹھ کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اسد عمرنے ایک کروڑ 30 لاکھ کی لاگت سے بننے والی چشتیاں آباد یوسی 46 بھڈانہ کی سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا ، یہ سڑک 2 ماہ میں مکمل کی جائے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ یہ سڑکیں علاقہ مکینوں کی دیرینہ خواہش پر بنائی جا رہی ہیں اور ان سڑکوں پر کام کا آغاز کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 54 کے دیہی علاقے میں موجودہ مالی سال میں 85 کروڑ کی لاگت سے بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد دیہی علاقوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقے کا ایک اور بڑا منصوبہ شمس کالونی روڈ ہے جہاں بے تحاشہ آبادی ہونے کے باجود کوئی مین روڈ موجود ہی نہیں اور نہ ہی گزشتہ حکومتوں نے اس پرکبھی کوئی کام کرنے کا سوچا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں 200 بیڈ پر مشتمل ہسپتال ، 4 بی ایچ یوز ، حلقہ این اے 54 کے لئے پولی کلینک ہسپتال کی تعمیر ، جنگی سیداں کے سامنے اورہیڈ برج کا قیام ، اسلام آباد کے لیے پانی ، ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے ماسٹر پلان پر عمل درآمد ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔